سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو9رنز سے ہرادیا

سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو9رنز سے ہرادیا

دبئی: پاکستان سپر لیگ ٹوکےاہم میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کودلچسپ مقابلے کے بعد 9رنزسے شکست دے دی،پشاور زلمی 20ویں اوور میں165رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔

پشاور زلمی کی ٹیم شروع میں دبائو کا شکار نظرآئی اور32رنز کےآغاز کے باوجود58رنز تک آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی،تمیم اقبال16،کامران اکمل14،افتخار احمد1،ائن مورگن3،صہیب مقصود5اور شکیب الحسن18رنز بنا کراپنی ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کرچلتے بنے۔

مشکل صورت حال میں جب مقابلہ یک طرفہ نظر آرہا تھا ،پشار زلمی کے تجربہ کار بیٹسمین شاہدخان آفریدی 54اور ڈیرن سامی34رنزکے ساتھ کراچی کنگز کے بالرز کے سامنے ڈٹ گئے اور اپنی ٹیم کو کھیل میں واپس لے کرآئے ،دونوں بیٹسمینوں کے درمیان 70رنز کی شراکت قائم ہوئی ،اس موقع بد قسمتی سے ڈیرن سامی کیچ آئوٹ ہو گئے۔

تاہم شاہد آفریدی نے آخری اوور تک جدو جہدجا ری رکھی اورکراچی کنگز کو مشکل میں ڈالے رکھا،انہوں نے آخری اوور میں چھکا لگا کر میچ کو مزید سنسنی خیز بنادیا،آخری4گیندوں پر پشاور کوجیت کیلئے10رنز درکار تھے،لیکن شاہد آفریدی اگلی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے اور کراچی کنگز کے کپتان ،کھلاڑیوں نے سکون کا سانس لیا۔

پشاور زلمی کو آخری دو گیندوں پر 10رنز درکار تھے اورایک وکٹ باقی تھی لیکن حسن علی پانچویں گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے یوں دلچسپ مقابلے کے بعد یہ میچ کراچی کنگز نے9رنز سے جیت لیا۔کراچی کنگز کی ایونٹ میں یہ دوسری کامیابی ہے۔

کراچی کنگز کے سہیل خان اور عثمان خان نے تین ،تین جبکہ اسامہ میر نے2وکٹیں حاصل کیں۔شعیب ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا