سعودی عرب نے ایران کی پیشکش مسترد کر دی

سعودی عرب نے ایران کی پیشکش مسترد کر دی

ریاض : سعودی عرب نے خلیجی ریاستوں میں مذاکرات سے متعلق ایران کی پیشکش مسترد کردی۔ سعودی وزیرخارجہ کا کہناہےکہ ایران دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دینے والا سب سے بڑا ملک ہے، تہران سے بات نہیں ہوسکتی ۔

میونخ سیکورٹی کانفرنس کےایک سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے الزام لگایا کہ ایران نے مشرقِ وسطیٰ کوعدم استحکام سے دوچار کیا اور وہ اس خطے کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔

سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایران شام کے صدر بشارالاسد کی مکمل پشت پناہی اور یمن میں حوثی باغیوں کی مالی مدد کررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو ایران کی کارروائیاں روکنے کے لیے واضح حکمت عملی وضع کرنا ہوگی ،جب تک تہران اپنے رویے اور کردار میں تبدیلی نہیں لاتا،اُس وقت تک بات چیت بہت مشکل ہوگی ۔

اس سے پہلے میونخ سیکورٹی کانفرنس کے دوران ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا تھا کہ ان کا ملک عرب ریاستوں سے تعلقات میں بہتری کے لیے مذاکرات کا حامی ہے.