فریدہ جلال نے اپنے مرنے کی خبروں کی تردید کر دی

فریدہ جلال نے اپنے مرنے کی خبروں کی تردید کر دی

ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ  فریدہ جلال کے متعلق سوشل میڈیا پر  گزشتہ  روز سے یہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں ،یہ خبر سن کر جہاں ان کے مداحوں کو صدمہ لگا وہیں ان کے چاہنے والے حیرت زدہ رہ گئے۔

یہ خبر گزشتہ روز  سوشل میڈیا پر چلی اور دیکھتے ہی دیکھتے  وائرل ہوگئی ،لیکن فریدہ  کے قریبی رشتے داروں  کی جانب سے اس خبر کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

انڈین میڈیا کے  مطابق  اب فرید ہ جلال نے خود ٹویٹرپراپنے مرنے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ  وہ ‘ابھی زندہ ہیں’انہوں نے  بھارتی ویب سائٹ ڈی این اے انڈیا کو دئے گئے انٹرویو میں   کافی جارحانہ انداز اختیار کیا اور کہا کہ ‘میں بالکل ٹھیک اور صحت مند ہوں ،مجھے نہیں پتہ یہ خبر کہاں  سے اور کیسے وائرل ہوئی ،ابتداء میں مجھے  یہ نیوز سن کر ہنسی آئی۔

لیکن  تقریباً 30 منٹ بعد  میرے فون نے مسلسل بجنا شروع کردیا ،اور تمام لوگ  مجھ سے ایک  ہی سوال پوچھنے لگے جس سے مجھے سخت کوفت اور پریشانی ہونے لگی’۔

بعد ازاں انہوں نے ٹویٹرپر پیغام جا ری کرتے ہوئے کہا کہ’میں اس بات کی تصدیق کرتی ہوں کہ ابھی میں زندہ ہوں ،میرے مرنے کی خبریں افواہوں کے سوا اور کچھ نہیں ،لہٰذا ان جعلی اور غلط خبروں کو پھیلانا بند کیا جائے۔’

خیال  رہے کہ فریدہ جلال وہ پہلی شخصیت نہیں ہیں  جن کے مرنے کی خبریں میڈیا پر وائرل ہوئی بلکہ ان سے پہلے بھارتی لیجنڈ دلیپ کمار،امیتابھ بچن ،یو یو ہنی سنگھ  وغیرہ کے متعلق بھی ایسی ہی افواہیں گردش کرچکی ہیں۔

واضح رہے کہ فریدہ جلال نے متعدد بھارتی فلموں میں کام کیا ہے جن میں دل والے دلہنیا لے جائیں ،کچھ کچھ ہوتا ہے  اور مشہور کامیڈی سیریز شرارت شامل ہے