پنجاب میں رینجرز کو بلانے کی تیاریاں سمری وفاقی حکومت کو بھجوادی گئی

پنجاب میں رینجرز کو بلانے کی تیاریاں سمری وفاقی حکومت کو بھجوادی گئی

لاہور:پنجاب میں رینجرز آپریشن کرنے کی تیاریوں کی باتیں تو کل کے اجلاس کے بعد زبان زدو عام ہیں تاہم ابھی تک یہ کنفرم نہیں ہو سکاتھا کہ رینجرز کے اختیارات کیا ہوں گے اور وہ کتنے دنوں کے لیے آپریشن کر سکتی ہے ۔

مگر اب خبر یہ آئی ہے کہ پنجاب میں رینجرز کو 60سے 90دن کے لیے بلانے کی سفارش کر دی گئی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے سمری منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوادی۔

ذرائع کے مطابق صوبے میں رینجرز آپریشنز سے متعلق فیصلہ مشترکہ کمیٹی کرے گی،فیصلہ ساز کمیٹی میں محکمہ داخلہ، رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام شامل ہوں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کو آرٹیکل 147 اور اینٹی ٹیراررزم ایکٹ 1997 کے تحت بلایا جا رہا ہے جبکہ پاک رینجرز ایکٹ 1959 کے آرٹیکل 10 اور 7 کے تحت اختیارات دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روزوزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے میں دہشت گردی کے خلاف رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا جب کہ لاہورمیں مال روڈ پر خود کش حملے سمیت ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں 100 سے زائد افراد جاں بحق اورسیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔