بچوں کے اغوا پر اکسانے کے الزام میں خاتون میزبان کو قید کی سزا

بچوں کے اغوا پر اکسانے کے الزام میں خاتون میزبان کو قید کی سزا

قاہرہ: مصری میڈیا کے مطابق قاہرہ کی عدالت نے مقامی ٹی وی پر نشر ہونے والے پروگرام ’سبایا الخیر‘ کی میزبان ریحام سعید کو بچوں کے اغوا سے متعلق پروگرام کرنے پراُن سمیت ایڈیٹر ان چیف اورکیمرہ مین کو قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے خاتون میزبان کو 4 دن قید جب کہ پروگرام کے ایڈیٹر ان چیف اور کیمرہ مین کو 15 دن قید رکھنے کا حکم دیا ہے۔

ریحام سعید نے بچوں کے اغوا سے متعلق ایک پروگرام کیا جس میں سہولت کار کے ذریعے اغواکاروں سے 2 بچوں کو اغوا کرایا گیا اور یہ سب مناظر ریکارڈ کرنے کے بعد پولیس کو بطور ثبوت ریکارڈنگ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ یہ گروہ بچوں کو اغوا کرنے کے بعد عرب ممالک میں فروخت کرتا ہے۔

پولیس نے ریکارڈنگ کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کر لیا جس پر ملزمان نے بتایا کہ پروگرام میں بیٹھے شخص نے انہیں بچوں کو اغوا کرنے کا کہا تھا۔ بھانڈہ پھوٹنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پروگرام کی ہوسٹ ، ایڈیٹر ان چیف اور کیمرہ مین سمیت دیگر عملے کو گرفتار کر لیا ۔ تفتیش کے بعد عدالت نے الزام ثابت ہونے پر کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرمان کو قید کا حکم دیا۔

ریحام سعید کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ پروگرام مصری بچوں کی سیکورٹی سے متعلق وسیع تر مفاد میں کیا تھا جب کہ بچوں کے اغوا میں ان کا کوئی حقیقی کردار نہیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں