یو اے ای، آٹھ سالہ بچہ ایک دن کیلئے پولیس اہلکار بن گیا

یو اے ای، آٹھ سالہ بچہ ایک دن کیلئے پولیس اہلکار بن گیا

ابو ظہبی:  دبئی پولیس اور عرب امارات کی میک اے وش فاؤنڈیشن نے مشترکہ طور پر 8 سالہ اماراتی بچے کی خواہش پر اسے ایک دن کے لیے پولیس اہلکار بنا دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میں 8 سالہ اماراتی بچے کو اس کی خواہش پر ایک دن کے لیے دبئی پولیس میں شامل کر لیا گیا۔ سیف الکتبی نامی بچے کو باقاعدہ طور پر دبئی پولیس کا مکمل لباس پہنایا گیا اور اس نے محکمے کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا جب کہ پولیس کے زیرِ استعمال لگژری کاریں بھی دیکھیں۔

اسسٹنٹ کمانڈر انچیف برائے کمیونٹی امور میجر جنرل آل مری کا کہنا ہے کہ دبئی پولیس میک اے وش فاؤنڈیشن میں موجود سخت علیل بچوں کی خواہش کو پورا کرنے کی کوشش کرتی ہے کیوں کہ مختلف موذی امراض کے شکار بچوں کی خواہشیں پوری ہونے سے ان کی زندگیوں میں خوشیوں کی بہار آ جاتی ہے۔

میجر جنرل آل مری نے مزید کہا کہ اس عمل سے بچوں کے عزم، جوش و جذبے میں اضافہ ہوتا ہے اور معمول کی زندگی گزارنے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ ایسے اقدامات سے بچوں کے خاندانوں میں بھی خوشیاں لوٹ آتی ہیں جو اپنے بچوں کے علاج و معالجے کے ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں