ریاض:سعودی عرب نے غیر ملکی سائنسدانوں اور ماہرین صحت کو مملکت کے مفت ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی صحت کونسل کے سیکرٹری جنرل احمد العامری کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مملکت کے شعبہ صحت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سعودی حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں بہتر ٹریک ریکارڈ کے حامل ماہرین کو مفت ویزے جاری کئے جائیں گے اور اس سے دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ماہرین سعودی عرب میں شعبہ صحت میں کام کے لیے راغب ہوں گے۔
خیا ل رہے کہ سعودی مملکت میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے اس وقت مختلف اصلاحات پر عمل درآمد کیا جارہا ہے اور اس مقصد کے لیے مختلف غیرملکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔