برطانوی وزیراعظم کی حجاب پہن کر مسجد میں جانے کی تصاویر وائرل ہو گئیں

لندن:  برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے مسلم کمیونٹی کی دعوت پر تقریب ’میری مسجد کا دورہ کریں‘ میں حجاب  پہن کر شرکت کی۔تھریسامے کی حجاب والی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں ہیں جس کے بعد مسلم کمیونٹی نے برطانوی وزیراعظم کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدام سےبین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملے گا ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے برٹش مسلم کونسل کے زیرِاہتمام ہونے والی  تقریب ’’ میری مسجد کا دورہ کریں‘‘ میں شرکت کی جس میں انہوں ںے  حجاب اوڑھ رکھا تھا۔ تقریب میں لندن کے میئر صادق خان اور لیبر پارٹی کے سربراہ جیرمی کوربن سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب کی منتظم برٹش مسلم کونسل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم تھریسامے کی باحجاب تصاویر شائع کی ہیں۔جس میں وہ برطانیہ کے جنوب مشرق میں واقع کاؤنٹی برکشائر کی میڈن ہیڈ مسجد میں خطاب کر رہی ہیں۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس ایک قیمتی موقع ہے کہ اسلام کے حوالے سے درست معلومات حاصل کر سکوں اور اس بات کی یقین دہانی  کروں کہ اسلام سلامتی کا مذہب ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں