اقوام متحدہ 'کامیاب جوان' پروگرام کیلئے تعاون کرنے کو تیار

اقوام متحدہ 'کامیاب جوان' پروگرام کیلئے تعاون کرنے کو تیار
یو این حکام کے مطابق کامیاب جوان پروگرام کے لئے 3 کروڑ ڈالر مختص کر دئیے گئے۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ عمران خان آفیشل فیس بُک پیج

اسلام آباد: اقوام متحدہ 'کامیاب جوان' پروگرام کیلئے تعاون کرنے کو تیار ہو گیا ہے۔ یو این نے نوجوانوں کیلئے 3 کروڑ ڈالر فنڈ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔


وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار اور یو این حکام کی ملاقات ہوئی جس میں پاکستانی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اقوام متحدہ نے عثمان ڈار کو پروگرام کا کو چئیرمین مقرر کر دیا۔ یو این حکام کے مطابق کامیاب جوان پروگرام کے لئے 3 کروڑ ڈالر مختص کر دئیے گئے اور منصوبے کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو با اختیار بنایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فنڈز فراہم کرنے پر اقوام متحدہ کے شکر گزار ہیں جبکہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحیت موجود ہے۔ چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو ملکی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کا موقع دیں۔ عثمان ڈار کا کہنا ہے نوجوانوں کے مسائل کم کرنے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ متعدد منصوبوں کا فریم ورک مکمل ہے جلد لانچنگ ہو گی،۔ دن رات محنت کر رہے ہیں اور نوجوانوں کو کامیاب بنانا اصل ہدف ہے۔

عثمان ڈار نے مزید کہا کہ تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے، دیگر ممالک سے بھی رابطہ میں ہوں، نوجوانوں کا مستقبل روشن ہے۔ یو این حکام کا کہنا ہے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی ترقی کے لئے کام کریں گے، حکومتی سطح پر نوجوانوں کی سرپرستی بہتر قدم ہے۔