کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عمر اکمل کی جگہ متبادل کھلاڑی کا انتظام کر لیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عمر اکمل کی جگہ متبادل کھلاڑی کا انتظام کر لیا

کراچی : پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل کر دیا ہے جس کے باعث اب وہ پی ایس ایل بھی نہیں کھیل پائیں گے تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ان کی جگہ متبادل کھلاڑی کا انتظام کر لیاہے ۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق صحافی ” فیضان لاکھانی“ نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں آج پی ایس ایل سیزن 5 کی افتتاحی تقریب ہونے جارہی ہے جہاں آج پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عمر اکمل کی جگہ اب انور علی کو سکواڈ میں شامل کر لیا ہے ۔

پی سی بی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ عمرا کمل انکوائری کے دوران کسی بھی طرح کی کرکٹ میں حصہ نہیں لے سکتے ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز عمر اکمل کی جگہ متبادل کھلاڑی استعمال کر سکتی ہے ، انکوائری مکمل ہونے تک پی سی بی کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمر اکمل پہلے بھی خبروں کی زد میں آتے رہے ہیں تاہم گزشتہ تین چارہ ماہ سے یہ خبر چل رہی تھی ، انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ 2015 کے ورلڈ کپ میں پاک بھارت میں میچ کیلئے انہیں دو لاکھ ڈالرز کی آفر ہوئی تھی تاہم انہوں نے اس حوالے سے اینٹی کرپشن یونٹ کوئی اطلاع نہیں کی کیونکہ اگر کوئی ایسی آفر آئے تو کھلاڑیوں نے متعلقہ حکام کو آگاہ کرنا ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ آج پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کراچی میں ہونے جارہی ہے جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ افتتاحی میچ بھی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جانا ہے۔ عمر اکمل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ میں شامل ہیں تاہم ان کو پی سی بی کی جانب سے اب معطلی کا سامنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت، اگر کوئی کھلاڑی کسی بھی فوجداری جرم میں ملوث ہو جس میں پولیس کی جانب سے اسے گرفتار کیا گیا ہو یا پھر کوئی الزام عائد کیا گیا ہو تو پی سی بی کے پاس یہ صوابدیدی اختیار موجود ہے کہ وہ کھیل کی ساکھ مجروح کرنے پر متعلقہ فریق کو اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت عبوری طور پر اس وقت تک معطل کرسکتا ہے جب تک کہ اینٹی کرپشن ٹربیونل یہ فیصلہ نہ کرلے کہ متعلقہ فریق نے جرم کا ارتکاب کیا ہے یا نہیں۔

پاکستانی کرکٹر عمر اکمل میدان میں کارکردگی سے زیادہ تنازعات کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔حال ہی میں لاہور میں قومی کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ کے دوران ان کے مبینہ نامناسب رویے کی شکایت پاکستان کرکٹ بورڈ کو موصول ہوئی تھی اور کہا گیا تھا کہ جب وہ دو مرتبہ یو یو ٹیسٹ پاس نہ کرسکے اور 'سکن فولڈ ٹیسٹ' کا موقع آیا تو انھوں نے مبینہ طور پر ٹرینر سے بدتمیزی کی اور اپنے کپڑے اتار دیے۔ تاہم بعدازاں تحقیقات کے بعد انھیں اس الزام سے بری کر دیا گیا تھا۔