پاکستان رہائش کیلئے دنیا کا سستا ترین ملک قرار

 پاکستان رہائش کیلئے دنیا کا سستا ترین ملک قرار

نیویارک: امریکا کے معروف میگزین’ سی ای او ورلڈ‘نے پاکستان کورہائش کیلئے دنیا کا سستا ترین ملک قرار دے دیاجبکہ بنگلہ دیش جنوبی ایشیا کا مہنگا ترین اور سوئٹزرلینڈ کو دنیا کا مہنگا ترین ملک قرار دیا گیاہے۔

سی ای اوورلڈ دنیا کے امیر ترین اور اعلیٰ سطح کے پروفیشنلز کا ایک میگزین ہے جس کے قارئین میں دنیا کے معروف چیف ایگزیکٹوز آفیسرز شامل ہیں ۔میگزین کے مطابق پاکستان رہائش کیلئے دنیا کا سب سے زیادہ افورڈ ایبل یعنی کم قیمتوں والا ملک ہے۔ پاکستان کے مقابلے میں افغانستان ، بھارت، شام ، ازبکستان اور تیونس میں مہنگائی زیادہ ہے۔

میگزین کی جاری کردہ فہرست میں یورپین ممالک مہنگے ترین ممالک میں اوپر کے درجوں پر فائز ہیں جبکہ اگر بیس مہنگے ترین ممالک کی بات کی جائے تو پہلے نو ممالک یورپ ہی کے ہیں جبکہ ان میں پانچ ایشیا ئی،دو دو ممالک کیربیبیئن اوراوشینیاکے جبکہ ایک ایک شمالی امریکااور افریقہ کا ملک شامل ہے۔

رہنے کے حساب سے دنیا کا مہنگا ترین ملک سوئٹزرلینڈ ہے اس کے بعد ناروے،آئس لینڈ، جاپان، ڈنمارک ،باہماس ، لگسمبرگ ،اسرائیل ، سنگاپور اورجنوبی کوریا ہیں۔بیس مہنگے ترین ممالک میں آخری نمبر پر امریکا ہے۔اسی طرح برطانیہ رہائش کے حوالے سے مہنگے ممالک میں ستائیسویں ، سعودی عرب ستاونویں اور روس بیاسیویں نمبر پر ہے۔

س فہرست میں دنیا کے تمام ممالک کاموازنہ رہائش کے اخراجات، کرائے، اشیائے خورو نوش کی قیمتوں اور قوت خرید کے جائزے کے بعد کیاگیاہے۔

یہ فہرست کئی سروے، جائزوں، ریٹ لسٹ، انڈیکس اور قومی و بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد مرتب کی گئی ہے۔تمام جائزوں کا امریکی شہر نیویارک کے ڈیٹا سے موازنہ کیاگیا اس کے بعد جاکر حتمی فہرست ترتیب دی گئی۔فہرست بنانے والوں نے نیویارک کو 100انڈیکس کا سکور دیا اسی طرح جو ملک 100انڈیکس کی مناسبت سے اوپر گیا وہ مہنگا جبکہ جو نیچے کی جانب رہا وہ سستا قرار پایا۔