پی ایس ایل 6، کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی

پی ایس ایل 6، کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی
کیپشن: پی ایس ایل 6، کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی
سورس: فوٹو/اسکرین گریب نیو نیوز

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 122 رنز کا ہدف دیا تھا.جارح مزاج بلے باز کرس گیل 39 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ 

122 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا۔ کنگز کا افتتاح اچھا نہ تھا پہلے ہی اوور میں محمد حسنین نے شرجیل خان کو 4 کے مجموعی سکور پر پویلین بھیج دیا۔ 59 کے مجموعی سکور پر کلارک 23 گیندوں پر 46 رنز کی برق رفتاری اننگز کھیل کر عثمان خان شنواری کو وکٹ دے بیٹھے۔

بابر اعظم 20 گیندوں پر 24 رنز بنا کر محمد حسنین کو وکٹ دے بیٹھے، وکٹوں کے عقب میں سرفراز احمد نے شاندار کیچ تھاما۔

کراچی کنگز نے ہدف 14 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ محمد نبی30 اور کولن انگرام نے 17 رنز بنائے۔ محمد حسنین نے دو اور عثمان خان شنواری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کپتان سرفراز احمد اور ٹام بیٹنن نے اننگز کا آغاز کیا مگر صرف 6 کے مجموعی سکور پر ٹام بینٹن عماد وسیم کی گیند پر جو کلارک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے تین گیندوں پر پانچ رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوسری وکٹ 17 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب سرفراز احمد عامر یامین کی گیند پر جو کلارک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، وہ آٹھ گیندوں پر محض سات رنز ہی بنا سکے۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نوجوان صائم ایوب تھے جنہوں نے 14 گیندوں پر آٹھ رنز بنائے اور وقاص مقصود کی گیند پر عامر یامین کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ پی ایس ایل کے گزشتہ سیزنز میں ناکامی سے دوچار ہونے والے کرس گیل کچھ دیر تک کریز پر ٹھہرنے میں کامیاب ہوئے اور 24 گیندیں کھیل کر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 39 رنز بناتے ہوئے ٹیم کے مجموعی سکور کو 68 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر وہ ڈینیل کرسچن کی گیند پر محمد عامر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ 

آل راؤنڈر محمد نواز بھی کچھ دیر کے مہمان ثابت ہوئے اور مجموعی سکور میں محض 8 رنز کے اضافے کے بعد ہی رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے  آٹھ گیندوں پر تین رنز بنائے۔ اعظم خان بھی متاثرکن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 91 کے مجموعی سکور پر 17 رنز بنا کر ارشاد اقبال کی گیند پر ڈینیل کرسچن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ساتویں وکٹ 104 کے مجموعی سکور پر گری اور بین کٹنگ بھی 11 رنز بنا کر ارشاد اقبال کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ دیگر بلے بازوں میں قیص احمد 11، عثمان خان شنواری صفر، محمد حسنین چار اور نسیم شاہ ایک سکور بنا سکے۔ 

کراچی کنگز کی جانب سے ارشاد اقبال سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے چار اوورز میں 16 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور وقاص محمود نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم، محمد عامر، عامر یامین اور ڈینیل کرسچن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

واضح رہے کہ میچ کیلئے کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈینیل کرسچن، عامر یامین، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشاد اقبال شامل ہیں۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کرس گیل، ٹام بینٹن، محمد اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، محمد حسنین، قیص احمد، نسیم شاہ اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔ 

بشکریہ(نئی بات)