پنجاب کی نگران حکومت نے پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی

پنجاب کی نگران حکومت نے پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی

لاہور: پنجاب کی نگران حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جیل بھرو تحریک کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو متحرک کر دیا ہے اور پنجاب حکومت کی جانب سے گرفتاری دینے والے لوگوں کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا جائے گا۔ بدعنوانی، کریمنل کیس میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سمیت دیگر حکام نے شرکت کی جبکہ اس دوران پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک پر مشاورت کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی کارکن اور رہنما قانون کے خلاف جائیں تو گرفتار کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے رضاکارانہ گرفتاری دینے والے کارکنوں کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ نگران حکومت نے میانوالی اور ڈیرہ غازی خان کے جیل حکام کو الرٹ رہنے اور امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ 
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 22 فروری بروز بدھ سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیں جیلوں میں ڈالنے سے ڈرا رہی ہے، جب ہم جیل بھرو تحریک شروع کریں گے تو ان کے پاس جیلوں میں جگہ کم پڑ جائے گی۔

مصنف کے بارے میں