سعودی عرب میں حالیہ واقعات سے 8 ہزار پاکستانی ورکرز متاثر ہوئے،وزارت خارجہ کا سینیٹ میں تحریری جواب

سعودی عرب میں حالیہ واقعات سے 8 ہزار پاکستانی ورکرز متاثر ہوئے،وزارت خارجہ کا سینیٹ میں تحریری جواب

اسلام آباد: وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں حالیہ واقعات میں تقریبا 8 ہزار پاکستانی متاثرہ ہوئے ، ان میں سے کچھ ورکرز کی واپسی کے لیے تعاون کیا گیا جبکہ کچھ کو ملازمتیں دلوانے کے ساتھ ساتھ خاندانوں کو رقوم بھی فراہم کی ہے ۔

سینیٹ کے اجلاس میں سوالات کا تحریری جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کی طرف سے بتایا گیا کہ سعودی عرب میں 26 لاکھ سے زیادہ پاکستانی مقیم ہیں جبکہ کمپنیوں کے حالیہ واقعات میں متاثر ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 8000 سے زیادہ نہیں ، سعودی عرب میں پاکستانی مشن نے 2200 مزدوروں کو دوسری کمپنیوں میں ملازمت حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی ۔

3200 ورکرز جنہوں نے فائنل ایگزٹ حاصل کرنا تھا ان کو پاکستان میں جلد واپسی کے لیے مفت واپسی کی سہولت دی گئی جبکہ 2100 ان متاثرہ ورکرز کو جن کے عدالتوں میں مقدمات ہیں قانونی سہولت فراہم کر رہے ہیں ۔ وزارت خارجہ حکام نے ایوان کو بتایا کہ سعودی عرب میں پاکستانی مشن نے 401 ورکرز میں فی ورکر کو 200 سعودی ریال ادا کئے ، مشن نے بطور فوڈ الانس حال ہی میں 500 ورکرز کے درمیان فی ورکر 150 سعودی ریال کے حساب سے تقسیم کئے ۔

معاشی خسارے کے ابتدا ء ہی میں ریاض اور جدہ کے ورکرز میں 25000 سعودی ریال تقسیم کئے گئے تھے ۔ 5500 ورکرز کو تنخواہ نہ ملنے پر ان کے خاندانوں کو 50000 روپے کے حساب سے 500 ملین ادا کئے گئے ۔