ذیابیطس میں مبتلا افراد کی اوسط زندگی 9 سال کم ہو سکتی ہے

برطانیہ اور چین کے طبی ماہرین نے کہا ہے کہ ذیابیطس (شوگر) میں مبتلا افراد کی اوسط شرح زندگی 9 سال کم ہو سکتی ہے۔

ذیابیطس میں مبتلا افراد کی اوسط زندگی 9 سال کم ہو سکتی ہے

مانچسٹر :  برطانیہ اور چین کے طبی ماہرین نے کہا ہے کہ ذیابیطس (شوگر) میں مبتلا افراد کی اوسط شرح زندگی 9 سال کم ہو سکتی ہے۔ حالیہ شائع شدہ طبی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے مطالعاتی تحقیق اور جائزہ سے اخذ کیا ہے کہ ذیابیطس میں مبتلا افراد دیگر صحت مند افراد کے مقابلہ میں اوسطاً 9 سال قبل ہی ہلاک ہو جاتے ہیں۔

چین میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہوا ہے اور اس وقت چین میں 10 کروڑ افراد ذیابیطس میں مبتلا ہیں۔ برطانیہ کی یونیورسٹی آف آکسفورڈ اور چین کی پیکنگ یو نیورسٹی نے 30 سے 79 سال کی عمر کے 5 لاکھ افراد کا مطالعاتی جائزہ لیا اور 2004 سے لے کر 2008 تک کے دورانیہ کے لئے 5دیہی اور 5 شہری علاقوں کے افراد کو زیر مطالعہ رکھنے کے لئے ان کی خدمات حاصل کیں، ان افراد کی 2014 تک اموات کا جائزہ لیا گیا اس تحقیق کی روشنی میں ماہرین نے اخذ کیا کہ ذیابیطس میں مبتلا افراد کی اوسط شرح زندگی 9 سال کم ہو جاتی ہے اور ذیابیطس میں مبتلا افراد دیگر صحت مند افراد کے مقابلہ میں اوسطا9 سال قبل ہی ہلاک ہو جاتے ہیں جس کی وجہ ذیابیطس کے مرض سے پیدا ہونے والی پیچیدگیاں بھی ہوتی ہے۔