ایران اور پاکستان کے درمیان ٹرین سروس کی بحالی کا فیصلہ

 ایران اور پاکستان کے درمیان ٹرین سروس کی بحالی کا فیصلہ

تہران: جنوب مشرقی ایران کے ریلوے امور کے سربراہ مجید ارجونی نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے دائرے میں زیارت، سیاحت اور مسافر نیز تجارتی ٹرینوں کی سروس کو بحال کرنے سے اتفاق کیا ہے۔

جنوب مشرقی ایران کے ریلوے کے سربراہ مجید ارجونی نے ایران کی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں اسلام آباد میں ہونے والے دو روزہ اجلاس میں جو ایک مشترکہ بیان جاری کئے جانے کے ساتھ ختم ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف ٹرینوں کی آمد و رفت سے اتفاق کر لیا گیا۔

اس سے قبل بھی اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان اور ایران کے ریلوے حکام نے دونوں ملکوں کے درمیان مسافر ٹرین کی بحالی پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔ پاک ایران مسافر ٹرین کی بحالی کا اصولی فیصلہ اسلام آباد میں پاکستان اور ایران کے ریلوے کے ماہرین کی مشترکہ کمیٹی کے ایک اجلا س میں کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ یہ ٹرین مشہد اور قم سے چلے گی اور محرم الحرام کی آمد سے پہلے ٹرین سروس کے آغاز کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ٹرین سروس کے آغاز کی حتمی تاریخ کا اعلان عنقریب کیے جانے کی توقع ہے۔

اجلاس میں پاکستان اور ایران کے درمیان پندرہ مال گاڑیاں چلانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے خواہشمند تاجر حضرات اپنا سامان تجارت ایران بھیج سکیں.