لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ ساہیوال پر کہا ہے کہ ذمہ دار وں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے،انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا بھی نظر آئے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ساہیوال میں پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت نے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے،واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیاہے،جو بھی ذمہ دارہوا اس کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ذمہ دار وں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے ،انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا بھی نظر آئے گا۔اجلاس میں واقعہ کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ اعلیٰ حکام نے وزیراعلیٰ کو واقعہ کے بارے میں رپورٹ بھی پیش کی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،انسپکٹر جنرل پولیس اورمتعلقہ ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام کی شرکت۔