عالمی وبا کا خوف، مسافر کا ایئرپورٹ سے باہر نکلنے سے انکار، 3 ماہ چھپا رہا

Man allegedly hid 3 months at Chicago airport due to COVID-19
کیپشن: فائل فوٹو

شکاگو: عالمی وبا کے خوف سے ایک بھارتی نژاد شہری تقریباً 3 ماہ تک امریکی ایئرپورٹ پر پھنسا رہا اور باہر نکلنے سے انکار کر دیا۔ یہ دلچسپ واقعہ شکاگو ایئرپورٹ پر پیش آیا۔

میڈیا کے مطابق اس مسافر کو نام ادیتیہ سنگھ ہے جو کہ بھارتی نژاد امریکی شہری ہے۔ 36 سالہ شہری کو عالمی وبا کا اس قدر خوف تھا کہ اس نے ہوائی اڈے سے ہی نکلنے سے انکار کر دیا اور کم از کم نوے روز تک وہاں موجود رہا۔

اس مسافر کا تعلق امریکی ریاست کیلیفورنیا سے بتایا جا رہا ہے۔ یہ شخص اب بھی ایئرپورٹ سے نکلنے کو تیار نہیں تھا، اسے سمجھانے کی بھرپور کوشش کی گئی کہ وہ اپنا خوف ختم کرکے روزمرہ زندگی میں واپس آئے لیکن اس نے اپنے گھر جان سے ہی انکار کر دیا اور ایئرپورٹ پر ہی موجود رہا۔

خبریں ہیں کہ اب ایئرپورٹ انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے ادیتیہ سنگھ گرفتار کروا دیا ہے۔ اس کے خلاف مقدمے میں ممنوعہ ایریا میں رہنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پولیس کو دیئے گئے اپنے ابتدائی بیان میں مسافر نے بتایا کہ اس کے ذہن میں عالمی وبا کا اس قدر خوف طاری تھا کہ اسے لگا وہ ایئرپورٹ پر ہی سب سے زیادہ محفوظ ہے۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اس پر مقدمہ درج کیا اور بعد ازاں عدالت کے روبرو پیش کرکے اس پر عائد الزام کی تفصیلات پیش کیں۔ جج نے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے مسافر ادیتیہ سنگھ پر ایک ہزار ڈالر جرمانہ عائد کرتے ہوئے اس کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ وہ آئندہ کسی ایئرپورٹ کے قریب بھی نہ پھٹکے ورنہ اسے جیل کی سزا بھگتنا پڑ سکتی ہے۔

عدالت نے ملزم کے رویے اور سیکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھاتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ آخر ایک شخص اتنا عرصہ اکیلے ایئرپورٹ جیسے حساس ایریا میں کیسے رہ سکتا ہے، اسے ایسا کرنے سے کسی نے کیوں نہیں روکا؟

کیس کی سماعت کرنے والے جج کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کے دوران پیش آنے والا یہ واقعہ انتہائی حیران کن ہے۔ ملزم نے سیکیورٹی آفیسر کا بیج چرایا اور تین ماہ تک ایئرپورٹ پر دوسروں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر بیٹھا رہا۔