سیاسی جماعتوں کو اپنے اثاثے اور آمدن کے ذرائع بتانا ہوں گے، فرخ حبیب

Political parties will have to disclose their assets and sources of income, Farrukh Habib
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: تحریک انصاف کے پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے اثاثے اور آمدن کے ذرائع بتانا ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے 19 جماعتوں کو نوٹس جاری کر دئیے۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کل الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹ بول کر گئے۔ یہ لوگ اتنے ڈھیٹ ہو چکے ہیں کہ انہیں شرم بھی نہیں آتی۔ نواز شریف نے اسامہ بن لادن سے فنڈنگ لی۔

رہنما تحریک انصاف نے اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو اپنی آنکھیں کھولنے اور اپنی والدہ بینظیر کی کتابیں پڑھنے کا مشورہ بھی دیا۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 19 جماعتوں کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ ان کی گزشتہ 5 سال کے پارٹی اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال ہو گی۔ سیاسی جماعتوں نے اپنی آمدن اور اثاثہ جات بتانے ہیں۔ اب نہیں اپنی رسیدیں اور حساب کتاب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا پی ڈی ایم کل اپنی یادداشت الیکشن کمیشن جمع کرانا بھول گئی۔ مریم نواز کل جھوٹ بول کر اور بہتان تراشی کرکے چلتی بنیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی درخواست پر آج نوٹسز جاری ہوئے ہیں۔

مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ سچ لگنا شروع ہو جائے۔ مریم نواز الزام تراشی اور بہتان تراشی پر معافی مانگیں۔ وہ کل الیکشن کمیشن آئی تھیں تو کم از کم رسیدیں ہی لے آتیں۔