چودھری برادران کیخلاف 20 سال بعد نیب کے تمام کیسز بند

All NAB cases against Chaudhry brothers closed after 20 years
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے قائدین چودھری برادران کیخلاف 20 سال بعد تمام کیسوں کو بند کر دیا گیا ہے، اس معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کو بتا دیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الہیٰ کی درخواستوں پر سماعت کی۔

دونوں شخصیات کی طرف سے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ جبکہ ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو (نیب) شہزاد سلیم عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور رپورٹ پیش کی۔

نیب پراسکیوٹر کا عدالت سے کہنا تھا کہ چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الہیٰ کیخلاف انکوائریاں بند کر دی گئی ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر کا موقف جاننے کے بعد لاہور کی عدالت عالیہ نے چودھری برادران کی درخواستوں کو غیر موثر قرار دے کر پر نمٹا دیا۔

خیال رہے کہ چودھری برادرز نے اثاثوں کے کیس کی ہونے والی انکوائریوں کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے پاس عرصہ 20 سال قبل بند انکوائری دوبارہ کھولنے کا اختیار نہیں رکھتے۔