مودی کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والی ویب سائٹس اور یوٹیوب چینلز بند کرنے کا فیصلہ

مودی کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والی ویب سائٹس اور یوٹیوب چینلز بند کرنے کا فیصلہ
سورس: File

نئی دہلی : مودی سرکاری نے خود پر تنقید کرنے اور بھارتی مظالم سامنے لانے والی ویب سائٹس اور یوٹیوب چینلز کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

بھارتی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ کوئی بھی ویب سائٹ یا یوٹیوب چینل بھارت کے خلاف سازش کرتے پایا گیا تو اسے بلاک کر دیا جائے گا۔ پاکستان سے سرگرم نیٹ ورک کی جانب سےبھارت کے حساس معاملات کے بارے میں جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان چینلز پر کشمیر، بھارتی فوج، اقلیتوں، رام مندر اور جنرل بپن راوت کے بارے میں رائے تقسیم کرنے والا مواد منظم انداز میں نشر کیا جاتا تھا۔ مستقبل میں بھی بھارت کے خلاف سازشیں کرنے، جھوٹ پھیلانے اور معاشرے کو تقسیم کرنے والا مواد پھیلانے والے اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔

بھارتی وزیر کا یہ بیان 20 یوٹیوب چینلز اور دو ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بات چیت کے دوران سامنے آیا ہے۔ان یوٹیوب چینلز اور ویب سائٹس پر ملک مخالف پراپیگنڈے اور جعلی خبریں پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔