آئی سی سی نے ٹیسٹ ٹیم آف دی ائیر کا اعلان کر دیا، 3 پاکستانی کھلاڑی شامل

آئی سی سی نے ٹیسٹ ٹیم آف دی ائیر کا اعلان کر دیا، 3 پاکستانی کھلاڑی شامل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 اور ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ٹیم آف دی ائیر کا اعلان بھی کر دیا ہے جس میں پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ 
آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ٹیسٹ ٹیم آف دی ائیر کی قیادت نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن کو سونپی گئی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کائل جیمی سن، دیموتھ کرونارتنے، روہت شرما، رشبھ پنت، روی چندرن ایشوین، مارنوس لابوشین، جو روٹ، فواد عالم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ 


فواد عالم نے کئی سال ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں کم بیک کیا تو 2021ءان کیلئے بہترین سال رہا جس میں انہوں نے 9 میچز کھیلتے ہوئے 57.10 کی اوسط کیساتھ 571 رنز بنائے۔ 
فاسٹ باؤلر حسن علی نے بھی 2021ءکے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور 9 میچز میں 16.07 کی اوسط کیساتھ 41 شکار کئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 9 میچز میں 17.06 کی اوسط کیساتھ 47 وکٹیں لیں۔ 
دوسری جانب آئی سی سی نے ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم آف دی ائیر کا اعلان بھی کیا ہے جس کی قیادت بابراعظم کے سپرد کی گئی ہے اور فخر زمان بھی ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ کوئی بھارتی کھلاڑی اس میں جگہ نہیں بنا سکا۔ 
آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم آف دی ائیر کا کپتان بھی بابراعظم کو بنایا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ سال دنیائے کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں پال سٹرلنگ، جانیمن ملان، فخر زمان، ریسی ینڈرڈوسن، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، وانیندو ہسارانگا، مستفیض الرحمن، سیمی سنگھ اور دشمانتھا چمیرا شامل ہیں۔ 


اسی طرح گزشتہ روز اعلان کردہ ٹی 20 ٹیم آف دی ائیر کی قیادت بھی بابراعظم کے سپرد کی گئی ہے اور اس میں بھی بھارتی ٹیم کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں جوز بٹلر، محمد رضوان، ایڈن مارکرم، مچل مارش، ڈیوڈ ملر، تبریز شمسی، جوش ہیزل ووڈ، وانیندو ہسارانگا، مستفیض الرحمن اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔