سازش کے تحت اقتدار میں بٹھائے گئے تمام ڈاکو اپنے کیسز معاف کروا رہے ہیں: عمران خان

سازش کے تحت اقتدار میں بٹھائے گئے تمام ڈاکو اپنے کیسز معاف کروا رہے ہیں: عمران خان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نامور ڈاکوؤں کو سازش کے تحت اقتدار میں بٹھایا گیا اور سارے ڈاکو اپنے مقدمات ختم کروا رہے ہیں، اقتدار میں بیٹھے ہوئے سب فیل ہو گئے اور ملک میں سری لنکا جیسی صورتحال ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وکلاءسے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، یہ کرپٹ لوگ 30 سال سے اقتدار میں ہیں اور یہ جب بھی برسراقتدار آئے ملک کی دولت لوٹتے رہے، پاکستان میں 2 خاندانوں کی دولت میں مسلسل اضافہ ہوتا گیا، جتنا بحران آج ہے کسی سے بھی پوچھ لیں ملکی تاریخ میں ایسا بحران نہیں آیا، کوئی ملک ہمیں آج پیسے دینے کو تیار نہیں ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے رجیم چینج کرنے کا فیصلہ کیا اور اب اقتدار میں بیٹھے ہوئے سب فیل ہو گئے ہیں، حتیٰ کہ بنگلہ دیش بھی پاکستان سے آگے نکل گیا ہے، 90کی دہائی میں پاکستان کے تمام اعشاریے مثبت تھے لیکن اب پاکستان میں سری لنکا جیسی صورتحال ہے تاہم وکلا پاکستان کو دلدل سے نکال سکتے ہیں جنہوں نے پاکستان میں انصاف کی بالادستی کیلئے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ 
سابق وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی ملک اور ادارہ پاکستان کو ادھار دینے کیلئے تیار نہیں اور آج ہمارے پاس ایل سیز کھولنے کے بھی پیسے نہیں ہیں جبکہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط مانیں تو ناصرف مہنگائی میں اضافہ ہو گا بلکہ روپے کی قدر میں مزید کمی آئے گی، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اقتدار میں آکر این آر او لیا اور اب پاکستان دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ 
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملک میں قانون کی بالادستی ضروری ہے اور قانون پر عملدرآمد سے ہی ملک موجود حالات سے نکلے گا، پہلے ملک میں انصاف آتا ہے پھر خوشحالی آتی ہے، اکنامک سروے دیکھ لیں پاکستان پچھلے سال تک تیزی سے ترقی کر رہا تھا لیکن ہماری حکومت کو ختم کرایا گیا، وہ کون سا ایسا ذہن تھا جس نے انہیں ہمارے اوپر مسلط کر دیا، جب تک لوگوں کو قانون و انصاف پر اعتماد نہیں ہوگا خوشحالی نہیں آئے گی۔ 

مصنف کے بارے میں