افغانستان میں طالبان کے سیکورٹی چیک پوسٹوں پرحملے ، 16اہلکار ہلاک

افغانستان میں طالبان کے سیکورٹی چیک پوسٹوں پرحملے ، 16اہلکار ہلاک

کابل:افغانستان میں عسکریت پسندوں کے سیکورٹی چیک پوسٹوں پر حملوں میں 16اہلکار ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں عسکریت پسندوں نے سیکورٹی چیک پوسٹوں پر حملے کیے ہیں جن میں 16اہلکار مارے گئے ۔ ایک مقامی عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے ۔

حکام کا کہنا ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے صبح دو بجے کے قریب ضلع شاہ ولی کوٹ کے علاقے قندالان میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 16افراد ہلاک ہوگئے جن میں نیشنل آرمی کے 10اہلکار اور 6پولیس اہلکار شامل ہیں۔حملے میں 7پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ۔حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کاروائی میں متعدد حملہ آور بھی مارے گئے ۔

دریں اثناءصوبائی پولیس کے ترجمان ضیاءدرانی نے واقعے کی تصدیق کی ہے تاہم تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا اور کہاکہ اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔اس سے قبل مئی میں ضلع شاہ ولی کوٹ میں اسی طرح کے ایک حملے میں 18اہلکاروں سمیت 25افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں