خامنہ ای کو شکایتی مکتوب پراحمدی نژاد کی گرفتاری کا امکان

خامنہ ای کو شکایتی مکتوب پراحمدی نژاد کی گرفتاری کا امکان

تہران :ایران کے پراسیکیورٹر جنرل عباس جعفر دولت آبادی نے دھمکی دی ہے کہ سابق صدر محمود احمد نژاد کو سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ایک شکایتی مکتوب لکھنے کی پاداش میں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ایک مکتوب ارسال کیا تھا جس میں اپنے سابق سیکرٹری حمید بقائی کی کرپشن کے الزامات کی گرفتاری پر احتجاج کرتے ہوئے اسے ظلم عظیم قرار دیا تھا۔

ایرانی پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ انہوں نے سابق صدر (محمود احمدی نژاد) کے سپریم لیڈر کو لکھے گئے خط کے مندرجات کا جائزہ لیا ہے۔ مکتوب میں مجرمانہ اور غیرمہذبانہ انداز میں بات کی گئی ہے جس پر سابق صدر کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی میزان کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل دولت آبادی نے کہا ہے کہ سابق صدر محمود احمدی نژاد نے رہبر انقلاب کو لکھے گئے مکتوب میں توہین آمیز انداز اپنایا ہے اور لکھا ہے کہ ان کے معاون کو ایک ایسے قید خانے میں ڈالا گیا ہے جیسے گوانتا نامو یا ہارون الرشید کے دور کے عقوبت خانے تھے۔احمدی نژاد نے اپنے مکتوب میں عدلیہ کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا ہے کہ حمید بقائی کی کرپشن کے الزامات میں گرفتاری پر عدلیہ کی خاموشی اور ذرائع ابلاغ میں اسے بدنام کرنے کی مجرمانہ مہم باعث تشویش ہے۔سابق صدر نے اپنے مکتوب میں حمید بقائی کی فوری رہائی کے لیے احکامات صادر کرنے اور معاملے میں مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ حمید بقائی کو کرپشن کے الزامات میں 2015 کو حراست میں لیا تھا مگر انہوں نے اپنے گرفتاری کے فوری بعد بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کردی تھی۔ تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔ایک ماہ قبل محمود احمدی نژاد کے سابق مشیر عبدالرضا داوری کی گرفتاری کے بعد حمید بقائی کو دوبارہ حراست میں لے لیا گیا تھا۔ دونوں پر اپنے عہدوں کے غلط استعمال اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔