بھارت لائن آف کنٹرول پر شرارتوں سے باز رہے:نفیس زکریا

بھارت لائن آف کنٹرول پر شرارتوں سے باز رہے:نفیس زکریا

اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھار ت لائن آف کنٹرول پرجاری خلاف ورزیوں سے باز رہے۔
 بھارت لائن آف کنٹرول پر اپنی شرارتوں کو تاحال جاری رکھے ہوئے ہے جس کے باعث لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔اس معاملے پر پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ عالمی برادری نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دہشت گردی قرار دینے کا بھارتی پروپیگنڈا مسترد کر دیا ہے۔
 انھوں نے مزید کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر امن واستحکام برقرار رکھنے کیلئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے مینڈیٹ کا احترام کرے۔اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر سیزفائر کی خلاف ورزی کی نگرانی کا حق حاصل ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو ہمیشہ مکمل تعاون فراہم کیا ہے جبکہ بھارت نے اسے مقبوضہ کشمیر میں انتہائی محدود رسائی فراہم کی ہوئی ہے۔ 

اس سال بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہو ا ہے۔ترجمان نے کہا کہ گزشتہ کچھ روز کے دوران بھارتی فوج نے 9 بے گناہ کشمیریوں کو بھی شہید کیاہے جو کشمیر میں جاری مظالم کی کھلی داستان ہے۔