پی ایس 114 میں کامیابی کے بعد سعید غنی نے سینیٹ نشست چھوڑ دی

اسلام آباد: سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 کے ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے سعید غنی نے اپنی سینیٹ کی رکنیت چھوڑ دی۔ پی ایس 114 سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد سعید غنی سینیٹ کی رکنیت سے دستبردار ہوئے۔

سینیٹ میں اپنا آخری خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ وہ غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ایک مزدور کے بیٹے ہیں، ان کے گھر والوں نے نامساعد حالات میں ان کی کفالت کی۔ سعید غنی اپنے خطاب کے دوران آبدیدہ ہوگئے اور بتایا کہ جب ان کے والد کی وفات ہوئی تو وہ اس وقت 23 برس کے تھے، اسی دوران انہوں نے سیاست میں قدم رکھا اور اپنے سیاسی دور میں بہت سی مشکلات دیکھیں، انہیں بہت سی آفرز ہوئیں لیکن وہ اپنی اوقات کبھی نہیں بھولے۔ پی ایس 114 کے ضمنی انتخابات میں شفافیت کے حوالے سے ایوان بالا میں انہوں نے کہا کہ میں حلفیہ کہتا ہوں کہ پی ایس 114 میں کوئی گڑبڑ نہیں کی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سینیٹ کی نشست سے واپس صوبائی اسمبلی میں جانا ان کے لیے ایک مشکل فیصلہ تھا۔اپنے اختتامی الفاظ میں انہوں نے کہا میں اس ایوان کو بہت یاد کروں گا، اگر ایوان میں کسی شخص کو کوئی بات بری لگی ہو تو معاف کیجیئے گا۔

اس موقع پر سینیٹ کے چیئرمین میاں رضا ربانی نے کہا کہ سعید غنی کچھ دیر بعد اس ایوان کے لیے اجنبی تصور کیئے جائیں گے۔یاد رہے کہ اتوار 9 جولائی کو پی ایس 114 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سعید غنی نے متحدہ قومی موومنٹ کے کامران ٹیسوری کو 5734 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر میدان مارلیا تھا جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) تیسرے نمبر پر رہی تھی۔جس کے بعد کامران ٹیسوری نے الیکشن کمیشن میں انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی تھی۔الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے کامران ٹیسوری کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن ٹریبیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کردی۔الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد سعید غنی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے لیے جاری حکم امتناع بھی ختم ہوگیا، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ایس 114 کی نشست پر کامیاب ہونے والے پی پی پی کے امید وار سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں