کرپشن کے الزامات پر احسن اقبال نے ابرار الحق کو لیگل نوٹس بھیج دیا

کرپشن کے الزامات پر احسن اقبال نے ابرار الحق کو لیگل نوٹس بھیج دیا
کیپشن: ابرار الحق نے احسن اقبال پر ترقیاتی منصوبے کے ٹھیکے چہیتوں کو دینے کا الزام عائد کیا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے بیرسٹر مجتبیٰ جمال کے ذریعے این اے 78 میں اپنے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار گلوکار ابرار الحق کو ہتک عزت کا نوٹس ارسال کر دیا ہے۔

نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ احسن اقبال چار مرتبہ عوامی نمائندے منتخب ہو چکے ہیں، دو مرتبہ وفاقی وزیر رہ چکے ہیں، متعدد یونیورسٹیوں میں اعلیٰ کلاسوں کو پڑھا چکے ہیں اور مینجمنٹ کنسلٹ بھی رہ چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کو اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کا فیصلہ

ابرارالحق نے نہ صرف انتخابی مہم کے دوران احسن اقبال کے خلاف بہتان تراشی کی ہے بلکہ انہوں نے مقامی ٹیلی ویژن کے پروگرام عوام اور سیاست میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

متن میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ابرار الحق نے ٹی وی پروگرام میں احسن اقبال پر ترقیاتی منصوبے کے ٹھیکے چہیتوں کو دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ احسن اقبال نے ان ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جن سے انہیں رشوت اور کمیشن ملا، ابرارالحق نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ احسن اقبال نے نارووال میں اسٹیڈیم، سٹرکوں اور جامعات کے ٹھیکے رانا محمد افضل کو دیئے۔ ابرار الحق نے اسٹیڈیم کا ٹھیکہ 7 ارب روپے میں دینے کا الزام عائد کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف کا پہلا پیغام سامنے آگیا

لیگل نوٹس میں ابرار الحق سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ چودہ روز کے اندر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات واپس لیتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگیں بصورت دیگر ان کے خلاف عدالتی کے ذریعے سول و فوج داری کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں