چوتھا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 244 رنز سے شکست دیدی

چوتھا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 244 رنز سے شکست دیدی
فوٹو بشکریہ فیس بک

بولاوائیو: پاکستان نے زمبابوے کو چوتھے ایک روزہ میچ میں 244 رنز سے شکست دیدی۔


تفصیلات کے مطابق کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے دیے گئے 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 155 پر ڈھیر ہو گئی۔

واضح رہے کہ یہ رنز کے اعتبار سے پاکستان کی دوسری بڑی کامیابی ہے، پاکستان نے اس سے قبل 2015 میں آئر لینڈ کے خلاف 255 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

زمبابوے کی جانب سے تری پانو 44 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ چگمبرا نے 37 اور کپتان مزاگاڈسا نے 22 رنز کی اننگز کھیلیں۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ عثمان شنواری اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں لیں جب کہ شعیب ملک اور جنید خان نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستان کی جانب سے اوپننگ بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت قومی ٹیم نے پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔

فخر زمان اور امام الحق کے درمیان 304 رنز کی شراکت قائم ہوئی، امام الحق 122 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان 155 گیندوں پر 210 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے اپنی اننگز میں 5 چھکے اور 24 چوکے لگائے اورہ وہ ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے، انہوں نے سعید انور کا 194 رنز کا ریکارڈ توڑا۔