زلزلہ زدگان کے پیسے کھانا مردار کھانے کے برابر سمجھتا ہوں، شہباز شریف

زلزلہ زدگان کے پیسے کھانا مردار کھانے کے برابر سمجھتا ہوں، شہباز شریف
کیپشن: الحمدلله اب میں ضمانت پر ہوں لیکن پھر بھی میں ہر پیشی پر عدالت میں حاضر ہوتا ہوں، شہباز شریف۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ن لیگ فیس بُک پیج

لاہور: احتساب عدالت لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔

شہباز شریف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جس کے باعث سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

شہباز شریف نے دورانِ سماعت عدالت کے روبرو بیان دیا کہ حمزہ شہباز نیب کی تحویل میں ہیں ان کو نیب نے ہی پیش کرنا تھا۔ مجھے آشیانہ کیس میں گرفتار کیا گیا اور الحمدلله اب میں ضمانت پر ہوں لیکن پھر بھی میں ہر پیشی پر عدالت میں حاضر ہوتا ہوں۔

برطانوی اخبار کی خبر پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میرے متعلق جو اسٹوری لگائی گئی وہ انتہائی مضحکہ خیز ہے،۔زلزلہ زدگان کے پیسے کھانا ایسے سمجھتا ہوں کہ جیسے مردار کھانا، پتہ نہیں جھوٹی اسٹوری چھپوانے کی کیا ضرورت تھی اور میں نے وزیراعظم کو خط لکھا کہ ایرا میں جو شخص تھا نیب اس وقت کہا تھی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ میں نے اگر خیانت کی ہوتی تو پھر اس شخص کو بھی عدالت میں پیش کرتے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو بھی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔