پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ گلگت ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پھسل گیا

پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ گلگت ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پھسل گیا
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد : اسلام آباد سے گلگت جانے والا طیارہ ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران بے قابو ہوکر رن وے سے پھسل گیا ،خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے ۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ گلگت ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران پائلٹ سے بے قابو ہوکر رن وے سے پھسل گیا اور قریبی کچی زمین پر ایک طرف جھکتے ہوئے رک گیا ، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا .

طیارے میں 48مسافر سوار تھے جن میں ایک غیر ملکی سیاح بھی شامل تھا ، ریسکیو اور پولیس حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام مسافروں کو جہاز سے باحفاظت منتقل کیا .

عملے سمیت کسی مسافر کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ، ائیر پورٹ پر موجود ایک سیکیورٹی آفیسر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ طیارہ ٹائر پھٹنے کی وجہ سے سلپ ہوا لیکن ائیر ایوی ایشن کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے ۔