ڈالر کی قیمت پاکستان میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ڈالر کی قیمت پاکستان میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
کیپشن: اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 20 پیسے مہنگا ہو کر 168 روپے 80 پیسے ہو گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: انٹر بینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر نے کاروبار کا اختتام تاریخ کی بلند ترین سطح پر کیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر کی قدر 96 پیسے اضافے سے 168 روپے 30 پیسے رہی جو پاکستان میں اب تک ڈالر کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق درآمدات بڑھنے کے سبب ڈالر کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے اور مبادلہ پالیسی بدلنے کے بعد مارکیٹ شرح تبادلہ کا تعین کررہی ہے جو ڈالر کی قدر میں اضافے کا سبب ہے۔

انٹر بینک تبادلہ مارکیٹ کے اثرات اوپن مارکیٹ میں بھی مرتب ہوئے ہی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 20 پیسے مہنگا ہوکر 168 روپے 80 پیسے ہو گیا ہے۔

 خیال رہے کہ امریکی کریڈٹ ریٹنگ ادارے فچ سلوشنز نے سال 2020ء کے دوران پاکستان میں ڈالر کی اوسطاً قدر 163 روپے اور 2021ء میں 171 روپے رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

فچ سلوشنز کی جانب سے جاری پاکستانی کرنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری 2020ء سے اب تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مجموعی طورپر 7.1 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔