وزیراعظم کے مشیروں کی دوہری شہریت، وفاق سے جواب طلب

 وزیراعظم کے مشیروں کی دوہری شہریت، وفاق سے جواب طلب
کیپشن: مشیر کابینہ کا نہیں لیکن سب کمیٹی کا حصہ بن سکتے ہیں، ڈپٹی اٹارنی جنرل۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوہری شہریت رکھنے والے وزیراعظم عمران خان کے مشیروں کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر وفاق سے دوبارہ جواب طلب کر لیا ہے۔

سماعت کے دوران رکن قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق وزیراعظم کے مشیر وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں ہو سکتے پھر اجلاسوں میں کیسے شرکت کر رہے ہیں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے کہا کہ مشیر کابینہ کا نہیں لیکن سب کمیٹی کا حصہ بن سکتے ہیں۔ مختصر دلائل کے بعد عدالت نے وفاق سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ غیر منتخب لوگوں کی جانب سے پاکستان کے فیصلے کرنا قبول نہیں ہے۔ لیگی رکن قومی اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے موقف سے ایک بار پھر یوٹرن لیا ہے۔

محسن شاہ نواز رانجھا کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں حساس معاملات زیر بحث آتے ہیں، چاہتے ہیں عدالت آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرے۔