مسلم لیگ فنکشنل کی نصرت سحر عباسی کورونا میں مبتلا، طبیعت بگڑ گئی، ہسپتال منتقل

Nusrat Sahar Abbasi of Muslim League-Functional suffers from corona, health deteriorates, shifted to hospital
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: مسلم لیگ فنکشنل کی مرکزی رہنما نصرت سحر عباسی عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئی ہیں، انھیں طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

نصرت سحر عباسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میں ڈاکٹر کے مشورے پر ہسپتال میں شفٹ ہو گئی ہوں۔ میری خیریت معلوم کرنے کے لئے آپ سب فکرمند ہیں۔ سب کو نصیحت ہے کہ کورونا ابھی باقی ہے، اسی لئے احتیاط ضرور کریں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین کے مشوروں پر میں ہسپتال منتقل ہو چکی ہوں۔ میری خیریت دریافت کرنے کے لئے آپ سب فکرمند ہیں اور کالز کر رھے ہیں جو کہ میں اٹینڈ نہیں کر سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کا شکریہ، دعا کیجئے انشاء اللہ جلد ٹھیک ہو جائوں لیکن سب کو نصیحت ہے کہ کورونا ابھی ہے، اس لئے احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں اور اسے ضرور اپنائیں۔

اس سے قبل اپنی ٹویٹس میں نصرت سحر عباسی نے بتایا تھا کہ ہم 5 فیملی ممبرز میں سے چار نے سائنو فارم ویکسین کروائی پانچویں 18 سال سے چھوٹی ہے اس کی نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود ویکسینیٹڈ 3 اور ایک چھوٹی کو کورونا ہو گیا ہے۔ ایک ہفتہ ہو گیا ہے ہم سب آئیسولیٹ ہیں۔ سب سے دعا کی درخواست ہے اور آپ سب سے احتیاط کی کیونکہ اس کی تکلیف بہت زیادہ ہے۔

اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ کورونا کا ٹیسٹ میرا اور میری فیملی کا ویکسین سے پہلے تقریبا 7 بار نیگیٹو آیا ویکسین کے بعد پازیٹوو آ گیا۔ یہ وائر س جس کو لگا صرف وہ ہی میری اور میری فیملی کی تکلیف کو سمجھ سکتے ہیں، باقی جو اس کو مذاق سمجھتے ہیں ان کے لئے صرف اور صرف یہ کہہ سکتی ہوں کہ اللہ پاک ان کو عقل عطا کرے۔

ایک اور ٹویٹ میں نصرت سحر عیابسی نے لکھا تھا کہ کورونا سے لڑتے ہوئے دوسرا ہفتہ شروع ہو چکا ہے۔ پہلا ہفتہ اتنا مشکل نہیں مگر اب ٹیمپریچر 102 تک جا رہا ہے۔ جسم میں شدید درد اور شدید کھانسی کی وجہ سے بہت کمزوری پیدا ہو رہی ہے۔ سانس کی رفتار پر ڈاکٹرز کی خاص نظر ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر آپ سب کو ویکسین نہ لگی ہوتی تو نقصان زیادہ ہو سکتا تھا۔