بھارتی ڈیلٹا کورونا وائرس پاکستان میں موجود ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

Indian Delta Corona virus is present in Pakistan, Dr. Faisal Sultan
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ بھارتی ڈیلٹا کورونا وائرس پاکستان میں موجود ہے، حکومت وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے تاہم عوام کو بھی چاہیے کہ جب تک ویکسی نیشن بہت اوپر نہیں چلی جاتی وہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں، اگر کیسز کی شرح اسی رفتار سے بڑھتی رہی تو حکومت مزید سختیاں لگانے پر غور کرے گی۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ لہر میں بھارتی وائرس موجود ہے، یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، جب بھی کوئی وائرس آتا ہے تو اس کی بہت سی اقسام بھی سامنے آتی ہیں اور ہر قسم پہلی کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے، پاکستان میں پہلے یوکے ویریئنٹ تیزی سے پھیلا اور اب بھارتی ڈیلٹا وائرس سر اٹھا رہا ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ بھارتی ڈیلٹا وائرس 90 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے اسلئے یہ ہمارے لئے بھی ایک چیلنج ہے تاہم جب تک ویکسی نیشن بہت اوپر نہیں جاتی، ماسک مہلک وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے اہم ہتھیار برقرار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ویکسین کے ذریعے ہر قسم کے وائرس کی روک تھام ہو سکتی ہے، ابھی تک تمام کورونا اقسام کے خلاف ویکسین موثر ہے، جن ممالک میں ویکسی نیشن کی شرح زیادہ ہے وہاں پر کورونا کیسز کی تعداد کم ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ ملک سے مہلک وبا کے مکمل خاتمے کیلئے ویکسین لگوائیں، ماسک پہنیں اور کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں۔