ہم صدمے کی حالت میں اور غم سے چور ہیں،لندن حملہ آور کے اہل خانہ

ہم صدمے کی حالت میں اور غم سے چور ہیں،لندن حملہ آور کے اہل خانہ

لندن:شمالی لندن میں واقع ایک مسجد پر ہونے والے دہشت گردی کی کارروائی کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے شخص کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ صدمے کا شکار اور غم سے چور ہیں۔فنزبری پارک کے علاقے میں مسلمانوں پر ایک وین چڑھائے جانے کے واقعے کے بعد چار بچوں کے باپ 47 سالہ ڈیرن اوزبورن کو قتل کی کوشش اور مبینہ دہشت گردی کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس کی سربراہ کریسیڈا ڈک اور مذہبی رہنمائوں نے گزشتہ رات ماتمی تقریب میں شرکت کی۔پولیس کے مطابق ایک وین اس وقت فٹ پاتھ پر چلنے والے لوگوں پر چڑھا دی گئی جب وہ نصف رات کے قریب سیون سسٹرز روڈ پر فنزبری پارک کی مسجد میں نماز پڑھ کر باہر نکل رہے تھے۔اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور کم از کم دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔

کریسیڈا ڈک نے کہا کہ یہ واقعہ واضح طور پر مسلمانوں پر حملہ ہے اور اب اس برادری کی حفاظت کے لیے علاقے اور بطور خاص مذہبی مقامات پر مزید پولیس اور مسلح افسران تعینات ہوں گے۔اوزبورن کی والدہ، بہن اور بھانجوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہم لوگ بہت زیادہ صدمے میں ہیں۔ یہ ناقابل یقین ہے۔ ہم اس سے نمٹ نہیں پا رہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ زخمیوں کے لیے ہمارا دل افسردہ ہے۔دریں اثنا پولیس نے کارڈف کے علاقے میں ایک مکان کی تلاشی لی ہے۔وزیر سکیورٹی بین ویلیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کا سکیورٹی سروسز میں ریکارڈ نہیں اور زیادہ امکان یہی ہے کہ اس نے تنہا ہی یہ کام انجام دیا ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس نے کہا کہ مسٹر اوزبورن کو قتل اور قتل کی کوشش سمیت دہشت گردی کے واقعے اور اس کی تیاری کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے نو کو ہسپتال لے جایا گیا ہے اور دو کا حملے کی جگہ ہی علاج کیا گیا ہے۔ بہت سے زخمیوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی حالت تشویش ناک ہے۔

پیر کی شب مذہبی رہنماں نے فنز بری پارک مسجد کے پاس لوگوں سے خطاب کیا۔ تھوڑی دیر کی خاموشی کے بعد مسجد کے چیئرمین محمد کوزبر نے کہا کہ 'یہ حملہ ہمارے خاندانوں، ہماری آزادی اور ہمارے وقار پر تھا۔انھوں نے بتایا کہ اس حملے میں جو شخص ہلاک ہوا ہے اس کے چھ بچے ہیں۔سٹیپنی کے بشپ ریو ایڈریئن نیومین نے کہا کہ کسی ایک عقیدے پر حملہ ہم سب پر حملہ ہے۔خیال رہے کہ برطانیہ میں گذشتہ تین ماہ کے دوران ویسٹ منسٹر، مانچسٹر اور لندن برج کے بعد یہ چوتھا دہشت گردانہ حملہ ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں