امریکہ کا اتحادی طیاروں کو ہدف بنانے کی روسی دھمکی پر سخت ردعمل

امریکہ کا اتحادی طیاروں کو ہدف بنانے کی روسی دھمکی پر سخت ردعمل

واشنگٹن:امریکہ نے اتحادی طیاروں کو ہدف بنانے کی روسی دھمکی پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی شام میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے،امریکہ شام میں داعش کے خطرے سے نبٹنے کے لیے اپنے اتحادیوں کے تعاون سے کام جاری رکھے گا، شامی حکومت کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ داعش کے خلاف لڑنے والی تمام اتحادی فورسز اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتی ہیں۔


غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے روس کی اس دھمکی پر سخت ردِ عمل ظاہر کیا ہے جس میں روسی فوج نے کہا تھا کہ وہ شام پر پرواز کرنے والے امریکہ اور اس کے اتحادی ملکوں کے جنگی طیاروں کو "ہدف" تصور کرے گی۔وہائٹ ہاوس کے ترجمان شون اسپائسر نے واشنگٹن ڈی سی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی شام میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

شون اسپائسر نے شام کے ایک قصبے طبقہ میں امریکہ کے حمایت یافتہ باغیوں پر بمباری کرنے والے شامی فوج کے طیارے کو امریکہ کی جانب سے مار گرائے جانے کا بھی دفاع کیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ شام میں داعش کے خطرے سے نبٹنے کے لیے اپنے اتحادیوں کے تعاون سے کام جاری رکھے گا۔روس کے نائب وزیرِ خارجہ سرگئی ریابکوف نے امریکہ کی جانب سے شامی طیارے کو مار گرائے جانے کو "جارحیت" قرار دیا ہے۔

اس سے قبل روسی وزارتِ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں دھمکی دی تھی کہ امریکہ کی جانب سے شامی فوج کا طیارہ مار گرائے جانے کے بعد اب روس امریکہ کی سربراہی میں قائم بین الاقوامی اتحاد کے شام پر پرواز کرنے والے تمام غیر ملکی جنگی طیاروں کو "ہدف" تصور کرے گا۔بیان میں روسی وزارت نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ اس ہاٹ لائن کوبھی معطل کر رہی ہے جو شام میں کسی حادثاتی فوجی تصادم کو روکنے کے لیے قائم کی گئی تھی۔

روسی حکام نے واضح کیا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ شام میں کھلی جنگ نہیں چاہتے لیکن شام میں روس کے اتحادیوں پر حملے بھی برداشت نہیں کیے جائیں گے۔روسی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ اتوار کو امریکہ کی جانب سے شامی طیارہ مار گرائے جانے سے قبل اتحادی فورسز نے روابط کے وہ طے شدہ ذرائع استعمال نہیں کیے جو شام کی فضائی حدود میں اس طرح کے واقعات سے بچنے کےلیے قائم کیے گئے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں