شامی امن مذاکرات کا اگلا دور 5 جولائی کو منعقد ہوگا

شامی امن مذاکرات کا اگلا دور 5 جولائی کو منعقد ہوگا

ماسکو :  ایران، روس اور ترکی کے مشترکہ تعاون سے شامی امن مذاکرات کا اگلا دورہ 5 جولائی کو قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں منعقد ہوگا۔

روسی دفترخارجہ نے آستانہ عمل کے اگلے دور کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آستانہ عمل کے تحت شام امن مذاکرات کی آئندہ نشست کے لئے تمام اقدامات کئے گئے ہیں۔اس بیان کے مطابق، آئندہ مذاکراتی نشست میں شام کی صورتحال اور گزشتہ مذاکرات میں طے پانے والے معاہدوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا.

واضح رہے کہ ایران، روس اور ترکی کی مشترکہ حکمت عملی کے تناظر میں شام امن مذاکرات کے چار دور منعقد کئے جاچکے ہیں جس میں اس عمل کے تین بانی ممالک کے علاوہ شامی حکومت اور مخالفین کے نمائندے اور اقوام متحدہ کے ایلچی شریک تھے۔

شام امن مذاکرات پر آستانہ عمل کے چوتھے دور میں شریک ایران،روس اور ترک وفود کے سربراہوں نے شام کے چار علاقوں میں امن زون کے قیام کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کردئیے تھے۔

امن زون معاہدے کے نکات کے مطابق، مقررہ علاقوں میں مسلح فریقین ایک دوسرے کے درمیان کسی بھی طرح کی کشیدگی یا جھڑپوں سے گریز کرنے پر پابند ہوں گے۔

مصنف کے بارے میں