ایران ہر خطرے کا پوری قوت کے ساتھ جواب دے گا، وزیر دفاع

ایران ہر خطرے کا پوری قوت کے ساتھ جواب دے گا، وزیر دفاع

تہران:  ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ تہران، ہر سطح کے علاقائی اور بیرونی خطرات کا منہ توڑ جواب دینے میں ذرہ برابر دریغ نہیں کرے گا۔


وزیر دفاع حسین دھقان نے تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی دفاعی حکمت عملی ملک کے ٹھوس اور فعال دفاع پر استوار ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی حکمت عملی کی بنیاد پر ایران اپنے میزائل پروگرام کو وسیع پیمانے پر ترقی دے رہا ہے جن میں زمین سے زمین پر مار کرنے والے کروز اور بیلسٹک میزائیل شامل ہیں اور ان میں مائع اور جامد دونوں طرح کے ایندھن کا استعمال کیا جاتا ہے۔

ایران کے وزیر دفاع نے شام میں داعشی دہشت گردوں کے ٹھکانے پر میزائل حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کاروائی ہماری میزائل طاقت کا محض چھوٹا سا نمونہ ہے۔

بریگیڈیئر جنرل حسین دھقان نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج نے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنا کر، تہران کے دہشت گردانہ حملے کے منصوبہ سازوں اور عملدرآمد کرنے والوں کے منہ پر بھی ہلکا سا طمانچہ رسید کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران آئندہ ہر خطرے کا پوری قوت کے ساتھ جواب دے گا۔

نیوویب ڈیسک< News Source