پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے لیگ کے انعقاد کا اعلان

پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے لیگ کے انعقاد کا اعلان
کیپشن: image by facebook

دبئی :انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے لیگ کے انعقاد کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ 2018 تا 2023 فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق رینکنگ میں 9 ٹاپ ٹیمیں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گی۔

15 جولائی 2019 سے 30 اپریل 2021 تک کے دورانیے میں ہر ٹیم ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر چھ سیریز کھیلے گی اور ٹاپ کی دو ٹیموں کے درمیان جون 2021 میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی کونسا ملک کرے گا اس حوالے سے ابھی صورتحال واضح نہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ کی تجویز ہے کہ فائنل پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے ہوم گراؤنڈ پر ہونا چاہیے جبکہ ایک تجویز یہ بھی ہے کہ پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل انگلینڈ میں ہونا چاہیے کیوں کہ کرکٹ کا آغاز وہیں سے ہوا ہے۔

علاوہ ازیں 12 ٹیسٹ ٹیموں اور نیدرلینڈ پر مشتمل ون ڈے لیگ بھی منعقد کی جائے گی، اس لیگ کے تحت یکم مئی 2020 سے 31 مارچ 2022 تک تمام ٹیمیں ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر منتخب کردہ ٹیموں سے 8 ون ڈے سیریز کھیلیں گی۔

یہ لیگ 2023 میں بھارت میں ہونے والے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ ایونٹ بھی ہوگا، بھارت بطور میزبان ورلڈ کپ 2023 کیلئے براہ راست کوالیفائی کرجائے گا جبکہ لیگ کی ٹاپ 7 ٹیمیں بھی ورلڈ کپ میں جگہ بنالیں گی۔

علاوہ ازیں جو ٹیمیں ون ڈے لیگ کے ذریعے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہیں گی انہیں آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر کے ذریعے میگا ایونٹ تک پہنچنے کا ایک موقع اور ملے گا۔