برطانیہ نے پاکستان کیساتھ برآمدات کا حجم بڑھانے کا اعلان کر دیا

برطانیہ نے پاکستان کیساتھ برآمدات کا حجم بڑھانے کا اعلان کر دیا
کیپشن: شاہ محمود نے پاکستان میں برٹش ائیر لائن کی سروسز بحال کرنے پر برطانوی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

لندن: برطانیہ نے پاکستان کیساتھ برآمدات کا حجم 400 ملین سے بڑھا کر ایک بلین ڈالرز کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن میں برطانوی ہم منصب جیریمی ہنٹ سے ملاقات کی ہے جس میں ملاقات میں دو طرفہ تجارت، بین الاقوامی امور پر تعاون، علاقائی کشیدگی کے خاتمے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اور غربت کے خاتمے کے حوالے تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانیہ نے پاکستان کے ساتھ برآمدات کا حجم 400 ملین ڈالر سے بڑھا کرایک بلین کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ان دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے پلواما واقعہ کے بعد پاک بھارت کشیدگی کم کروانے اور خطے میں امن واستحکام کیلئے برطانیہ کے مثبت کردار کو سراہا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں برٹش ائیر لائن کی سروسز بحال کرنے پر برطانوی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا بھی کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی، ثقافتی، تعلیمی، سیاحتی اور سیکورٹی سے متعلقہ امور پر دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صنعتی انجینئرنگ، مواصلات، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ برطانوی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے ہماری مثبت پالیسیوں سے استفادہ کر سکتی ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری اور دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو ہوئی۔