ملک میں بین الاقوامی پروازوں کو بحال کر دیا گیا

ملک میں بین الاقوامی پروازوں کو بحال کر دیا گیا

اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے طویل وقفے کے بعد ملک میں بین الاقوامی پروازوں کو بحال کر دیا۔

سی اے اے نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق تمام غیر ملکی مسافر اور چارٹر پروازوں کو پاکستان میں دوبارہ آپریٹ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام غیر ملکی مسافر اور چارٹر پروازوں کو پاکستانی بین الاقوامی ائر پورٹس پر آمدورفت کی اجازت ہو گی جب کہ پروازوں کو پاکستان میں آپریٹ کرنے کے لیے فلاٹس کے اوقات کار سول ایوی ایشن جاری کرے گا۔

گوادر اور تربت کے لیے پروازوں پر پابندی بدستور برقرار رہے گی جبکہ کارگو پروازوں سمیت خصوصی اور ڈپلومیٹک پروازوں کی آمدورفت سلسلہ خصوصی اجازت کے تحت جاری رہے گی ۔قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے بین الاقوامی پروازوں کے لیے ملکی فضائی حدود جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ کل فضائی حدود عالمی پروازوں کے لیے جزوی طور پر کھول رہے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ فضائی حدود کھولنے کا مقصد بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے تحریر کیا کہ کورونا وائرس کے باعث سمندر پار پاکستانیوں نے مشکلات برداشت کیں، بیرون ملک پاکستانیوں کی ہمت اور حوصلوں پر ہمیں فخر ہے۔