کورونا وائرس، برازیل 10 لاکھ متاثرین والا دوسرا ملک بن گیا

کورونا وائرس، برازیل 10 لاکھ متاثرین والا دوسرا ملک بن گیا

برازیلیا :جنوبی امریکہ کا ملک برازیل اب دنیا میں دوسرا ایسا ملک بن گیا ہے جہاں کورونا وائرس کے 10 لاکھ سے زائد متاثرین ہیں۔مییڈا رپورٹ کے مطابق ملک میں بیماری کے پھیلاؤمیں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے تاہم یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اعداد و شمار کم ٹیسٹنگ کے باعث اس سے زیادہ بھی ہو سکتے ہیں، صرف امریکہ میں برازیل سے زیادہ متاثرین موجود ہیں۔

برازیل کی وزاتِ صحت کے مطابق ملک میں کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے زیادہ ہے تاہم ماہرین کے مطابق ملک میں یہ وبا اپنے عروج سے ابھی کئی ہفتے دور ہے۔اس وبا کے باعث غریب اور مقامی افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد صدر بولسونارو کی وبا کے خلاف حکمت عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔

انتہائی دائیں بازو کے جماعت کے رہنما نے آغاز میں اس بیماری کو معمولی فلو سے تشبیہ دی تھی اور ان کے ان ریاستی گورنرز اور میئرز کے خلاف بیانات بھی سامنے آئے ہیں جنھوں نے پابندیوں میں اضافہ کیا تاکہ وائرس کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔

بولسونارو کے مطابق وائرس کے معاشی نتائج زیادہ نقصان دہ ہوں گے تاہم ان کی حکمتِ عملی کے باعث اب تک دو وزیرِ صحت اپنے عہدوں سے مستعفی ہو چکے ہیں۔