بلاول بھٹو کی سیاست صرف بیانات تک محدود ہے، مراد سعید

بلاول بھٹو کی سیاست صرف بیانات تک محدود ہے، مراد سعید
کیپشن: غربت کے لحاظ سے فنڈز مختص ہونے سے سندھ کا 10 فیصد حصہ بڑھا، مراد سعید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی خود کچھ کرتی ہے نہ دوسروں کو کرنے دیتی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مواصلات کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو کو خیبرپختونخوا دورے کی دعوت دیتا ہوں، انہیں دکھاؤں گا خیبرپختونخوا میں 7 سالوں میں کیا کیا، پی پی چیئرمین ہمیں بھی سندھ میں دکھائیں انہوں نے اب تک کیا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی سیاست صرف بیانات تک محدود ہے اور احساس پروگرام پر بھی بلاول سیاست کرتے ہیں، انہوں (بلاول) نے خود کچھ نہیں کرنا اگر دوسرے کچھ کرتے ہیں تو سیاست کرتے ہیں۔

مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ غربت کے لحاظ سے فنڈز مختص ہونے سے سندھ کا 10 فیصد حصہ بڑھا۔ عمران خان پورے ملک کے وزیراعظم ہیں جبکہ بلاول جس حلقے سے منتخب ہوئے وہ ابھی بھی پسماندہ ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے لاڑکانہ میں احساس سینٹر پروگرام کا دورہ کیا۔ وہ کورونا سے متاثرہ افراد کیلئے ہر جگہ پہنچیں گے تاہم کہا گیا وزیراعظم کا دورہ سندھ سیاسی تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کے زخموں پر مرہم نہیں رکھا۔ احساس کیش پروگرام کے تحت لاکھوں لوگوں کو امداد مل چکی ہے ۔ غریب اور مزدور طبقے کی بحالی وزیراعظم کی اہم ترجیح ہے۔ پیپلز پارٹی خود کچھ کرتی ہے نہ دوسروں کو کرنے دیتی ہے۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ بنا ہوا ہے، ٹڈیوں کے حملے سےسندھ میں چھوٹے کسانوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ وفاقی حکومت نے ایمرجنسی بنیادوں پرٹڈی دل کےتدارک کیلئےاقدامات کیے۔ سندھ حکومت نے راشن دینے کا وعدہ کیا لیکن دیا کسی کو نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ این سی او سی میں تمام صوبوں کو آن بورڈ لیا جاتا ہے اور بلاول بھٹو کی سیاست صرف بیانات تک محدود ہے۔ بلاول کا چیلنج قبول کرتا ہوں اور انہیں خیبرپختونخوا آنے کی دعوت دیتا ہوں جبکہ میں خود بھی سندھ آؤں گا اور ہسپتالوں کا دورہ کروں گا۔

لیگی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ لیگی قیادت نے کوئی بہتر ہسپتال نہیں بنایا اور 70 سال ملک پر حکومت کرنیوالے باہر سےعلاج کرا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلاول سندھ کے لوگوں کو روزگار دینے میں رکاوٹ نہ بنیں جبکہ بلاول صحت کی مد میں ملنے والے ساڑھے 5 کھرب کا جواب نہیں دے سکے۔