ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 30 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔
شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 149 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔
شان مسعود 37 گیندوں پر 59 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان 26، صہیب مقصود 12، ریلی روسو 2، جونسن چارلز 19، حماد اعظم 9، سہیل خان 8 اور عثمان قادر 4 رنز بنا سکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم جونیئر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 31 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فہیم اشرف اور فواد احمد نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور افتخار احمد ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔
شاداب الیون نے مقررہ ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان شاداب خان 35 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ حسین طلعت 34، عمر امین 13، محمد اخلاق 26، آصف علی 25، برینڈن کنگ 5 اور افتخار احمد 6 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی نے 4 اوورز میں 21 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عثمان قادر نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بلیسنگ موزارابانی اور محمد عمر ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔