ضلعی انتظامیہ نے والدین تحفظ آرڈیننس 2021ءپر عملدرآمد شروع کر دیا

ضلعی انتظامیہ نے والدین تحفظ آرڈیننس 2021ءپر عملدرآمد شروع کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: اپنے والدین کو گھر سے نکالنے والوں کو اب سخت سزا ملے گی کیونکہ ضلعی انتظامیہ نے والدین تحفظ آرڈیننس2021 پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے اور ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ اگر کوئی بھی اپنے والدین کو گھر سے نکالے گا تو سزا دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نے سایہ فاؤنڈیشن گلبرک میں اولڈ ہاؤس میں قیام پذیر بزرگ افراد سے بات چیت کی اور بزرگ شہریوں کو حوصلہ دیتے ہوئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ چیئرپرسن سندس نے ڈی سی لاہور کو آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی۔ 
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی لاہور کا کہنا تھاکہ بزرگ افراد ہماری سوسائٹی کا حسن ہیں، سایہ فاﺅنڈیشن نے بے سہارا بزرگ افراد کو بہترین سایہ فراہم کیا ہے جس میں 40سے50 لوگوں کے رہنے کی گنجائش ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ سایہ فاؤنڈیشن کی تزئین و آرائش کا مزیدکام سب مل کر کریں گے، بزرگ افراد کو کوئی سہارا دینا چاہیے کیونکہ یہ ایک بہت ہی اچھا قدم ہے، ہم سب مل کر بزرگ حضرات کو سہارا فراہم کرنے کیلئے کام کریں گے۔