قادر مندوخیل نے فردوس عاشق اعوان کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دیدی

قادر مندوخیل نے فردوس عاشق اعوان کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل نے ترجمان پنجاب حکومت و معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے خلاف تھانے میں درخواست دیدی ہے۔ 

قادر خان مندوخیل کی جانب سے کراچی کے ضلع کیماڑی کے سعید آباد تھانے میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے نجی ٹی وی کے پروگرام کے دوران مجھے تھپڑ مارا،گالیاں اور دھمکیاں بھی دیں لہٰذا فردوس عاشق اعوان کے خلاف ہراسانی، قتل کی دھمکیاں اور تشدد کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

 درخواست میں کہا کہ قانون کے سیکشن 179 سی آر پی سی کے تحت وہ ملک کے کسی بھی حصے میں مقدمہ دائر کرسکتے ہیں، درخواست گزار درخواست کے ساتھ ویڈیو شواہد بھی منسلک کئے ہیں۔ 

پولیس حکام کے مطابق قادر مندوخیل کی فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمے کی درخواست کئی روز قبل موصول ہوئی تھی جس کے بعد قانونی ماہرین سے مشورہ کرکے قادر مندوخیل کو جواب دیا گیا کہ واقعہ اسلام آباد میں ہوا ہے، اس لئے مقدمہ بھی وہیں ہوسکتا ہے۔