بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن کے 17 اراکین کے خلاف مقدمہ درج

بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن کے 17 اراکین کے خلاف مقدمہ درج
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کوئٹہ: پولیس نے بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن کے 17 اراکین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ، یہ مقدمہ بجلی روڈ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور پولیس اہلکاروں پر حملے کی دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ پولیس نے مقدمہ درج ہونے کے بعد واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔ 
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کو بجٹ اجلاس کے موقع پر اپوزیشن اراکین نے اپنے حامیوں کےساتھ اسمبلی گیٹ زبردستی بند کروائے، پولیس اہلکاروں کے ساتھ دھکم پیل کی، وردیاں پھاڑیں اور ان پر حملے کئے جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ 
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان اور پولیس افسران کے خلاف مقدمہ در ج کروانے کیلئے اپوزیشن کی درخواستوں پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔