عالمی برادری افغان مسئلہ کے دیرپا سیاسی حل کیلئے کاوشیں تیز کرے: شاہ محمود قریشی

عالمی برادری افغان مسئلہ کے دیرپا سیاسی حل کیلئے کاوشیں تیز کرے: شاہ محمود قریشی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری افغان مسئلہ کے دیرپا سیاسی حل کیلئے کاوشیں تیز کرے، پاکستان یوم عالمی پناہ گزین کے موقع پر عالمی برادری کیساتھ کھڑا ہے، ہمیں مہاجرین کے تحفظ کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کرنا ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق عالمی یوم پناہ گزین کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان آج کے دن کے مناسبت سے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے، کورونا وباءکے باعث عوامی صحت، سماجی و معاشی چیلنجز کے پس منظر میں یہ دن منایا جا رہا ہے، موجودہ چیلنجز نے بوجہ تشدد اور تنازعات، بے گھر افراد کی مشکلات بڑھا دی ہیں ، یہ دن ہمیں تنازعات کے شکار امور کا جائزہ لے کر تنازعات کی روک تھام کا پیغام دیتا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امن میں سرمایہ کاری، تنازعات کو روکنے اور مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، ہمیں مہاجرین کے تحفظ کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کرنا ہو گا، ہمیں فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہاجرین کے میزبان ممالک کی ذمہ داریاں تقسیم کرنا ہوں گی، پاکستان نے چار دہائیوں سے زیادہ پناہ گزینوں کا بھرپور تحفظ کرکے مثال قائم کی، پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے اور آج بھی 30 لاکھ کے قریب افغان مہاجرین کو ہر ممکن تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری قوم نے مہاجرین سے سخاوت، یکجہتی، ہمدردی کی مثالی اقدار کا مظاہرہ کیا، اس ملک نے مہاجرین کی صحت تعلیم اور معاش بارے میں جامع پالیسیاں دیں اور کورونا وباءکے دوران بھی مہاجرین کا ہر ممکن خیال رکھا، جبکہ عوام نے لاکھوں مہاجرین کی میزبانی کرکے منصفانہ انداز میں عالمی ذمہ داری نبھائیں، کورونا وباءکے سماجی و اقتصادی چیلنج میں مہاجرین کی مدد کرنا ہو گی، مہاجرین کے میزبان ترقی پذیر ممالک کو عالمی سیاسی و مالی مدد درکار ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں پائیدار امن کیلئے بھی کلیدی سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہا ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ عالمی برادری افغان مسئلہ کے دیرپا سیاسی حل کیلئے کاوشیں تیز کرے، عالمی برادری کی معاونت افغان مہاجرین کی باوقار، بروقت وطن واپسی کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔