سپریم کورٹ سندھ میں آرٹیکل 140 نافذ کرے: فواد چوہدری

سپریم کورٹ سندھ میں آرٹیکل 140 نافذ کرے: فواد چوہدری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سندھ میں آرٹیکل 140 اے نافذ کرے، اپوزیشن چوں چوں کا مربہ اور بھان متی کا کنبہ ہے، چیف جسٹس کے ریمارکس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو مستعفی ہو جانا چاہئے۔ 
کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کرکٹ میں نیوٹرل امپائر لائے تھے اور اب وہ الیکشن میں شفافیت لانے کیلئے اصلاحات چاہتے ہیں مگر اپوزیشن کی جانب سے ووٹ کو عزت کی بات تو کی جاتی ہے لیکن دوسری طرف ووٹرز کو ٹھوکر مارتے ہیں، اپوزیشن انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمنٹ میں آکر تجاویز دے کیونکہ اس مقصد کیلئے پارلیمینٹ سے ہٹ کر کوئی بھی فورم مناسب نہیں ہے۔ 
فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے لوگ چاہتے ہیں کہ سسٹم نہ چلے جبکہ بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کے نظرئیے میں زمین و آسمان کا فرق ہے، اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے، اپوزیشن چوں چوں کا مربہ اور بھان متی کا کنبہ ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا اپنی پارٹی پر کنٹرول نہیں، فیصلے نوازشریف اور مریم نواز کرتے ہیں، شہباز شریف کبھی بلاول تو کبھی مولانا کا کندھا استعمال کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سندھ میں جمہوریت نہیں بلکہ جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹر شپ ہے، بدین، لاڑکانہ کیلئے اربوں روپے آئے لیکن پتہ نہیں وہ پیسہ کہاں گیا، سندھ کو ملنے والا پیسہ کبھی جعلی اکاؤنٹس اور کبھی لانچوں کے ذریعے باہر جاتا ہے، جوپیسہ سندھ کے حوالے کرتے ہیں وہ بیرون ملک سے برآمد ہوتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ کو جو پیسہ مل رہا ہے اس کی مانیٹرنگ ہونی چاہیے، چیف جسٹس کے ریمارکس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کو مستعفی ہوجانا چاہیے، وزیراعلیٰ سندھ سے کہوں گا آرٹیکل 140 اے پرعملدرآمد کرانا لازمی ہے، سپریم کورٹ سندھ میں آرٹیکل 140 اے نافذ کرے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی آرٹیکل 140 اے پر عملدرآمد ہورہا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ پانی کے اعدادو شمار بتانے سے بھاگ گئے ہیں، سندھ کے وڈیرے پانی چوری کرتے ہیں اور الزام پنجاب پر لگاتے ہیں، یہاں آصف زرداری، فریال تالپور اور وزیراعلیٰ کی زمینوں کاپانی کیوں چوری نہیں ہو رہا، سندھ میں اگلی حکومت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہو گی، آئندہ انتخابات عمران خان خود سندھ میں مہم چلائیں گے، آج سے پہلے کسی لیڈرنے افغانستان سے متعلق واضح پالیسی نہیں دی۔